تربت یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف طلبا کا شدید احتجاج ،ایڈمن بلاک کا گھیراؤ


تربت(قدرت روزنامہ)یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف تربت یونیورسٹی میں بساک کے زیر اہتمام طلبہ و طالبات کا شدید احتجاج۔ایڈمن بلاک کا گھیراؤ، بساک کے سنیئر رہنماؤں کو گیٹ پر روک کر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی آف تربت کی انتظامیہ کے خلاف یونیورسٹی کے اندر شدید احتجاج اور دھرنا دیا جارہا ہے۔طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے ایڈمن بلاک کا گھیراؤ کرکے دھرنا دیا ہوا ہے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ہدایت پر بساک کے سنیئر رہنما ڈاکٹر مصدق سمیت اہم رہنماؤں کو مین گیٹ پر روک کر اندر جانے نہیں دیا گیا جس کے سبب وہ یونیورسٹی کی مین گیٹ کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔طلبہ کا احتجاج یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز پروفیسر منظور احمد بلوچ کو جامعہ تربت میں طلبہ کے ایک لیکچر پروگرام میں شرکت سے روکنے اور اس سے پہلے طلبہ تنظیموں کی طرف سے یونیورسٹی میں کتاب میلہ پر انتظامیہ کی عائد شدہ پابندی کے خلاف کیا جارہا ہے۔