اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 213 رنز کا ہدف دے دیا .
بھارت کی میزبانی میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا دوسرا سیمی فائنل آج کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے .
جیتنے والی ٹیم فائنل میں 19 نومبر کو بھارت سے ٹکرائے گی .
جنوبی افریقا کے اوپنگ بلے باز اور کپتان ٹیبما باووما پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر مچل اسٹارک کی گیند کا شکار ہوئے . میگا ایونٹ میں 4 سنچریاں جڑنے والے کوئنٹن ڈی کاک 14 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے .
پروٹیز بلے باز ایڈن مارکرم 10 اور وین ڈیر ڈیوسن 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے .
اس موقع پر تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر ڈیوڈ ملر نے شاندار سنچری اسکور کی اور ٹیم کو سہارا دیا . انہوں نے 116 گیندوں پر 101 رنز بنائے .
جب کہ کلاسین 47 رنز بنا کر نمایاں رہے . آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک اور کمنز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں .
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹیبما باووما کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ مضبوط آسٹریلین ٹیم سے ہے . سیمی فائنل کیلئے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے .
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس موقع پر کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے . فیصلہ کُن میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں .