اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی دسمبر میں ہونے والے آسٹریلیا ٹور کے ساتھ ساتھ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی شرکت مشکوک ہے .
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرِ اہتمام پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن 8 فروری سے 24 فروری تک کھیلا جانا ہے .
ملک میں عام انتخابات کے باعث پی ایس ایل کا آدھے میچز یو اے ای میں کرائے جانے پر غور کیا جارہا ہے .
پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ انجری کے بعد اب تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں . نسیم شاہ ایشیا کپ میں باؤلنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے .
اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک نے مشورہ دیا کہ نسیم شاہ ہمارا بہترین اثاثہ ہے . جب تک وہ 100 فیصد مکمل فٹ نہ ہوجائے اسے نہیں کھلانا چاہیے . ہمارے سامنے کے ایل راہول اور جسپریت بمراہ کی مثال ہے، وہ مکمل فٹ ہوکر آئے ہیں .
سوئنگ کے سلطان اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس موقع پر اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب انکے بازو کا آپریشن ہوا تو انہیں مکمل فٹ ہونے میں 6 ماہ لگے تھے . نسیم شاہ نے دنیا گھومی ہے، اسے خود ہی یہ فیصلہ کرنا ہوگا .
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر بھی آئی تھی کہ کندھے کی انجری کے بعد نسیم شاہ تیزی سے روبصحت ہیں تاہم ابھی تک انہوں نے باولنگ شروع نہیں کی . باولنگ شروع کرنے میں انہیں ابھی مزید وقت لگے گا جس کے باعث وہ دورہ آسٹریلیا میں دستیاب نہیں ہوں گے .