نواز شریف کا متوقع دورہ سندھ، سیاسی رہنماؤں کی ن لیگ میں شمولیت کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم، اور مسلم ن لیگ کے قائد نواز شریف کی بلوچستان کے بعد دورہ سندھ کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ 10 روز میں نواز شریف کا سندھ کا دورہ متوقع ہے جس دوران وہ مخلتف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور سندھ میں اہم شخصیات ن لیگ میں شمولیت اختیار کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے مختلف رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے ہیں جب کہ متعدد الیکٹیبلز سے ملاقاتوں اور بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ن لیگ ذرائع نے بتایا کہ آج بھی اہم رہنما کی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے، مرتضیٰ خان جتوئی اور علی نواز سے ملاقات ہو چکی ہے، اس کے علاہ پارٹی قائد دورہ سندھ پر دیگر جماعتوں سے انتخابی اتحاد کو بھی حتمی شکل دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ میں بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کیں، ایک تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ جمال کمال سمیت 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر آئندہ بھی چلیں گے، سب کے ساتھ تعاون کا رشتہ جوڑا تھا، اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔