بی اے پی عوامی جماعت ہے، کسی دوسری پارٹی میں شامل نہیں ہورہا، صالح بھوتانی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی ہماری جماعت ہے اور اسی پلیٹ فارم سے سیاست جاری رکھیں گے کسی اور جماعت میں جانے کی خبریں محض افواہیں ہیں ۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔سردار محمد صالح بھوتانی نے انکی بلوچستان عوامی پارٹی کو چھوڑ کر دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کی خبروں کی سختی سے تردیدکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عو امی پارٹی صوبے کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے ہم نے اس جماعت کو اسی لئے بنایا تھا تاکہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کو ایک ایسی نمائندہ جماعت دی جائے جو صوبے کی نمائندگی پورے ملک میں کرے اور آج ہم یہ فخر سے کہتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بلوچستان عوامی پارٹی نے صوبے کے عوام کی حقیقی ترجمانی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو ختم کرنے کے دعویداروں کو ناکامی کے بعد کچھ نہیں سوجھ رہا جس کی وجہ سے وہ پارٹی اور رہنماﺅں کے خلاف منفی پروپگینڈا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی قائم و دائم اور متحد ہے آئندہ عام انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لیکر عوام کی طاقت سے کامیاب ہوکر آئیں گے اور صوبے کی خدمت جاری رکھیں گے ۔