جھوٹے مقدمات ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں ہم لاڈلے ہوگئے، رانا ثناء اللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جھوٹے مقدمات ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم لاڈلے ہوگئے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائیں گے، اگلے ہفتے نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں 120 سے 125سیٹوں پرکامیابی حاصل کرے گی، ہمارے پاس ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدوار ہے، سادہ اکثریت سے ن لیگ حکومت بنا کر ملک کو 2017،18 کے ٹریک پر لائے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلے بھی دو بار ملک کو بحران سے نکالا، مخلص قیادت ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان جی 20 کا رکن ہوتا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں نواز شریف جلسے خطاب کریں گے، پوری امید ہے عوام نواز شریف پر اعتماد کریں گے، البتہ ہمیں نہیں لگتا جنوبی پنجاب میں ہماری پوزیشن کمزور ہے۔
بلاول سمیت دیگر سیاسی مخالفین کی تنقید پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم تنقید کا برا نہیں مناتے، ہم تنقید کا برا نہیں مناتے مگر تنقید سیاسی انداز میں ہونا چاہیے، بلاول تنقید تو کررہے ہیں حل پیش نہیں کر رہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں گی، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، الیکٹیبلز ہونا کوئی گالی یا برائی نہیں، ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات ختم ہوگئے کیا ہم لاڈلے ہوگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات پر اپیلوں پر سماعت ہونا چاہیے، پاکستان کے خلاف سازش کی گئی فتنے کو مسلط کیا، 9 مئی واقعات میں ملوث افرادکا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔