بلاول کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے، رانا ثناء اللّٰہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بہت سے دوست مسلم لیگ ن کا حصہ بنیں گے، ہمیں یقین ہے کہ ایک بار پھر ملک کو اس بحران سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہماری تعریفیں کر کے ہمارا مخالف ووٹ نہیں لے سکتے، ہم پی پی چیئرمین کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ لا محالہ بلاول بھٹو کو ہمارے مخالف کا بیانیہ اختیار کرنا پڑگیا، پی پی چیئرمین ہمارے دوست ہیں، ہم اکٹھے کام کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی رک رہی ہے نہ ڈالر نیچے آ رہا ہے، ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تو آپ کو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ پنجاب سمیت دوسرے صوبوں میں بھی اکثریت حاصل کرے گی، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے پہلے بھی دو بار ملک کو بحران سے نکالا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو باقاعدہ پٹری سے اتارا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں میر جعفر اور میر صادق کے لقب دیے جا رہے تھے۔