لاہور: کم عمر ڈرائیورز اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس کے کریک ڈاون کے اعلان کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز پر لائسنس بنوانے والوں کا رش بڑھ گیا۔ گزشتہ 5 روز کے دوران 45 ہزار لرننگ لائسنس بنائے گئے۔
گزشتہ 5 روز کے دوران 11 ہزار کنفرم لائسنس بنائے جاچکے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کیلئے تمام ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور کے اسکولوں میں بغیر لائسنس کم عمر طلبا کے موٹرسائیکل اور کار لانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات بھی جاری کر دیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سکول آنے والے کم عمر طلبا کو روکا جائے، سکول کی حدود میں انہیں گاڑی یا موٹرسائیکل پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے، خلاف ورزی پر متعلقہ سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔