’امام کی انمول‘ کے مہندی ڈریس کی قیمت سامنے آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم میں شاہین آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان کے بعد ایک اور کھلاڑی کے سر پرسہرا سجنے کا وقت آگیا، کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے۔
پاکستانی کرکٹر امام الحق کے مداحوں کے لیے یہ ایک حیران کن خبر ہے، اور سب تجسس کا شکار ہیں کہ ان کی اہلیہ کون ہیں۔
یہ تجسس گزشتہ روز ان کی ہونے والی اہلیہ کی تصاویر سامنے آتے ہی ختم ہوگیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
یہ تصاویر معروف ڈیزائنرحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر بھی شیئر کی ہیں۔
انمول کی مہندی کی تقریب 21 نومبر کو ناروے میں ہوئی۔
ایچ ایس وائی نے تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’امام کی انمول‘، انہوں نے انمول کو بھی پوسٹ میں ٹیگ کیا ہے۔
ناروے کی شہریت رکھنے والی انمول محمود کے اکاؤنٹ سے بھی کچھ تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی گئی ہیں۔
امام کی ہونے والی دلہن کا نارنجی اور سنہرے رنگ کا غرارہ صارفین کو بھاگیا، سرخ رنگ کی شرٹ پر انتہائی مہارت سے کیے جانے والے کام نے دلہن کے لُک کو مزید گلیمرس بنا ڈالا۔
دلہن نے مہندی کی تقریب سے مناسبت رکھتے ہوئے سرخ اور نارنجی رنگ کے اس امتزاج کا انتخاب کیا۔
اس خوبصورت جوڑے نے نہ صرف صارفین کو اپنا گرویدہ بنایا بلکہ کچھ صارفین تو قیمت جاننے کیلئے کافی بے چین نظر آئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اس جوڑے کی قیمت 15 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔
شادی کے ان لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرنے والی فوٹوگرافر عزہ شاہین ملک نے اپنی انسٹا اسٹوری پر تصاویر شئیر کرتے ہوئے لوکیشن میں ناروےلکھا۔
اس کے علاوہ ناروے کی ایک ایونٹ پلینر کمپنی ’ٹیلر میڈ ویژن‘ کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر مہندی کی تقریب کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ سے ہوگا۔
نکاح کی تقریب 25 نومبر جبکہ ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو لاہور میں منعقد کی جائے گی۔