انڈونیشیا میں 6.6 شدت کا زلزلہ ، ایک شخص ہلاک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انڈونیشیا میں 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، تاہم سونامی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کی موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی نے بتایا کہ انڈونیشیا کے صوبے شمالی مالوکو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.6 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز ہلمہرہ بارات ضلع سے 68 کلومیٹر شمال مغرب میں اور سمندر کی تہہ سے 109 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی مالوکو صوبے کے مغربی ہلمہرہ اور شمالی ہلمہرہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ مناڈو شہر، بٹونگ شہر، مناہاسا ضلع اور شمالی سولاویسی صوبے کے سیتارو ضلع میں بھی محسوس کیے گئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تخفیف ایجنسی کے سربراہ فیہبی آلٹنگ نے کہا کہ زلزلے کے باعث ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر کام کرنے والا اہلکار ٹاورگرنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔