پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھنا جے یو آئی (ف) کی ڈکشنری میں نہیں، حافظ حمد اللہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر ہم ہر جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ اور اتحاد کرسکتے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام صبح سےآگے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کی قیادت کرچکے ہیں۔ پی ڈی ایم میں سب سے بڑی جماعت ن لیگ تھی، انہیں مولانا فضل الرحمان سے پہلے ملاقات کرنی چاہیے تھی۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے تحریک چلائی اور 16 ماہ حکومت کی، سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں۔ وقت کا تقاضہ بھی ہے کہ سیاسی رہنما ایک دوسرے سے ملاقات کریں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف اور ن لیگ نے ماضی میں بھی کام کیا، اب بھی کرنا چاہیے۔ مولانا فضل کا موقف ہے کہ سیاست میں انتہا تک نہیں جانا چاہیے، جے یو آئی ف الیکشن میں ہر پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کرسکتی ہے۔
جے یو آئی ف رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھنا جے یو آئی ف کی ڈکشنری میں نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے ذریعے نوجوانوں کو بدتہذیبی اور بداخلاقی سکھائی گئی۔ ہم نہیں چاہتے کہ ملک کے نوجوان دوبارہ غلط ٹریک پر چلیں۔