سیمنٹ کی برآمدات میں 40.46 فیصد اضافہ، قیمت بڑھنے کا سلسلہ بھی جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مالی سال 2023-24 کے پہلے 4ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت 40.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا .
پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر (2023-24)کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 93.087ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ سیمنٹ کی برآمدات جولائی تا اکتوبر (23-2022)کے دوران 66.271 ملین امریکی ڈالر تھیں .


سیمنٹ کی برآمدات میں وزن کے اعتبار سے بھی 81.69فیصد اضافہ ہوا جو 13لاکھ 24ہزار 110میٹرک ٹن سے بڑھ کر 24لاکھ 5ہزار 798 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں .
دریں اثنا، سال بہ سال کی بنیاد پر اکتوبر 2023کے مہینے کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 32.58فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ اکتوبر 2023ء کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 26.405 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں، اکتوبر 2022ء میں 19.916 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات تھیں .
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023 ء میں 27.041ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی برآمدات میں اکتوبر 2023ء کے دوران 2.35 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی .
واضح رہے کہ پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتیں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں نے تعمیراتی کاموں میں کمی کر دی ہے، اس وجہ سے کئی مزدور بے روزگار بھی ہو چکے ہیں .
آج پاکستان میں سیمنٹ کے پچاس کلو کے تھیلے کی اوسط قیمت 1190 روپے ہے .

. .

متعلقہ خبریں