کراچی والوں کیلئے بجلی مزید مہنگی، نیپرا نے منظوری دیدی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی کے شہریوں کےلیے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نیشنل الیکٹر پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر کے الیکٹرک صارفین پر ایک روپیہ 52 پیسے فی یونٹ اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ نیپرا نے منظوری کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ کراچی کیلئے بجلی کی تقسیم کار کمپنی کےالیکٹرک صارفین پر اضافی سرچارج دسمبر 2023 سے نومبر 2024 تک لاگو رہے گا۔
اضافی سرچارج سے کےالیکٹرک کے صارفین پر 24 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ وفاقی حکومت سرچارج عائد کیے جانے کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
نیپرا اعلامیہ میں کہا گیا کہ اضافے کا اطلاق کےالیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔