بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات سے متعلق درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات سے متعلق درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل کی عدم موجوگی کے باعث عدالت نے درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات کی تفصیلات لینے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
گزشتہ سماعت میں عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست گزار کو مقدمات کی تفصیلات چاہیے، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالت وقت دے ہم رپورٹ پیش کر دیتے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، اینٹی کرپشن سمیت تمام فریقین سے رپورٹ طلب کی تھی۔