نگران وزیراعظم، آرمی چیف کی امارات کے صدر سے ملاقات، تعلقات مضبوط کرنیکا عزم
دبئی (قدرت روزنامہ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی صدر متحدہ عرب امارات سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نگران وزیراعظم نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے لئے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 18 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے، پاکستانی دونوں برادرممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیراعظم نے عالمی قانون، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، NI(M) بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا… pic.twitter.com/ax5rLJ5YcZ
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 27, 2023
انوارالحق کاکڑ نے 28 ویں کانفرنسCOP 28 کے لئے یو اے ای کی صدارت کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔