چودھری نثار کا بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑنے کا اعلان

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نےآئندہ الیکشن آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چکری میں حلقہ سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے کہا کہ میری خدمت کے نشان حلقہ میں ہر جگہ موجود ہیں میرے حمایتیوں کو میرے لئے ووٹ مانگنے میں کبھی شرمندگی نہیں ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ مجھے عہدوں کا لالچ ماضی میں تھا اور نہ ہی اب ہے اگر مجھے عہدے ہی چاہیے ہوتے تو جس دور میں جوبھی عہدہ کہتا مجھے ملتا مگرمیں نے کبھی اپنے ضمیر اور کردار کا سودا نہیں کیا۔میرا کل بھی مؤقف تھا اور آج بھی یہی ہے کہ میں بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہوسکتا، انہیں اپنے دائیں بائیں یا پیچھے تو کھڑا کر سکتا ہوں مگر ان کے پیچھے کھڑا نہیں ہو سکتا۔