کرپشن نے میرٹ انصاف اور تعمیرو ترقی کی راہیں مسدود کر دی ہیں وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی،ڈائریکٹر نیب بلوچستان کا خطاب
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد رفیق میمن، وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ناہید حق،فیکلٹی ممبر ڈاکٹر پروفیسر شمائلہ و دیگر مقررین نے نیب کے زیر اہتمام ایس بی کے یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا . ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد رفیق میمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے . اس موقع پر اساتذہ کرام، فیکلٹی ممبران سمیت یونیورسٹی کی طالبات کی ایک کثیر تعداد موجود تھی . ڈائریکٹر نیب بلوچستان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے کا بنیادی یونٹ ہیں . انھوں نے کہا کہ ملک کی 52فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اس لئے ان کا معاشرے کے اصلاح و احوال میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے . انھوں نے طالبات کو وطن عزیز پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا ماں بہن بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے ہر کردار انتہائی خوبصورت اور قابل قدر ہے . جس کا برملا اظہار حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اسوہ حسنہ میں ہمیں نظر آتا ہے . عورت ان تمام کرداروں میں معاشرے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی زمہ داریوں کے احساس کے ساتھ کرپشن سمیت معاشرے کی تمام برائیوں کے خاتمے کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرسکتی ہے . انھوں نے کہا قومی احتساب بیورو چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں . انھوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ آئیں اور نیب کی کرپشن کے خلاف آگہی مہم میں شامل ہوں . معاشرے کے اس طبقے کی نیب کی مہم میں شمولیت قومی احتساب بیورو کی کرپشن کے خلاف جاری جنگ میں مزید جوش و ولولہ پیدا کرے گی . وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناہید حق نے طلباء خصوصاً طالبات کو معاشرے میں تبدیلی کا سب سے بڑا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم اس طبقے کو کرپشن کے ناسور کے خلاف جنگ میں تیار کیا جائے . یہ معاشرے کا وہ طبقہ ہے جو اگر بگڑ جائے تو تنزلی وہ بربادی اس قوم کا مقدر بن جاتی ہے اور اگر یہ اپنی سمت درست رکھے تو ایسے معاشرے کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی . انھوں نے نیب کی کرپشن کے تدارک کے لئے جاری شعور و آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب کی تجاویز کی روشنی میں یونیورسٹی میں کردار سازی کی انجمن کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے اس کو مزید فعال کرکے آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا . اس موقع پر فیکلٹی ممبر ایس بی کے ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ نے بھی خطاب کیا . قبل ازیں ڈائریکٹر نیب بلوچستان نے نیب کے قوانین، طریقہ کار اورکامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی . . .