جب فاطمہ ثناء شیخ امیر لڑکی کے برے سلوک کا نشانہ بنیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی معروف اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ عرف ’دنگل گرل‘ نے خود کے ساتھ پیش آنے والے برے رویے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
فاطمہ ثناء شیخ کا شمار بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
فاطمہ نے ’چاچی 420‘ اور ’ون 2 کا 4 ‘ جیسی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنی اداکاری کا آغاز کیا تھا، معروف بھارتی اداکار عامر خان کے ساتھ فلم ’دنگل‘ میں انہیں بہترین اداکاری کے سبب بے پناہ شہرت اور کامیابی حاصل ہوئی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فاطمہ ثناء شیخ نے اپنے ماضی کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مراعات یافتہ امیر لڑکی نے اُن کے سامنے اپنے بالوں، چہرے اور ظاہری خوبصورتی پر بات کر کے اُنہیں آنسوؤں سے رلا دیا تھا۔
بھارتی میڈیا ’بالی ووڈ ببل‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ ایک دوست کی پارٹی میں گئی تھیں جہاں لوگوں کے بارے میں وہ زیادہ نہیں جانتی تھیں۔
فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ پارٹی کے دوران اچانک ایک لڑکی نے اُن سے بدتمیزی سے بات کرنا شروع کر دی، وہ لڑکی نشے میں دھت تھی، اُس لڑکی نے مجھ میں خامیاں اور اپنی تعریفیں کرنا شروع کر دیں۔
اداکارہ کا انٹرویو کے دوران یہ بھی کہنا تھا کہ اکثر اوقات لوگ دوسروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے لیے شراب کو بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہیں، اُس لڑکی نے مجھے کہا کہ میں پارٹی میں فٹ نہیں آ رہی، میری کلاس (طبقہ) پارٹیوں میں جانے کے قابل نہیں ہے۔