بلوچستان

تمام بلوچ لاپتہ افراد کو منظر عام پر لاکر رہا کیا جائے ،پشتونخوامیپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر سیکریٹری سید عبدالقادر آغا ایڈوکیٹ اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان نے ایک مشترکہ بیان میں تربت اور ان سے متصل دوسرے شہروں میں بلوچ یکجہتی کونسل اور سیاسی, جمہوری قوتوں، سول سوسائٹی کی جانب سے پرامن سیاسی، جمہوری احتجاجی تحریک کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالاچ، مولابخش اور دیگر ا کی المناک شہادت کا سانحہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے اور اس المناک واقعے کے حوالے سے بلوچ یکجہتی کونسل کا مسلسل دھرنا، احتجاج اور مطالبات بر حق ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی مظلوم بلوچ عوام کے خلاف جاری ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومت پر واضح کرتی ہے کہ تمام بلوچ لاپتہ افراد کو منظر عام پر لاکر رہا کیا جائے اور اگر کسی کے خلاف کوئی الزام ہو تو انہیں عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔ ٹارگٹ کلنگ اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کو مقابلے کا واقعہ بنا کر بلوچ نوجوانوں کا قتل عام انسانی، اسلامی اور ملکی اصولوں، اقدار اور قوانین کی واضح خلاف ورزی اور مظلوم بلوچ عوام کی نسل کشی کے مترادف ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ بیان میں تربت سمیت تمام علاقے میں جاری احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلوچ یکجہتی کونسل کے تمام مطالبات جلد سے جلد تسلیم کرکے ان پر عمل درآمد کیا جائے۔

متعلقہ خبریں