طعنے کسنے سے پہلے خدا کا خوف کریں، طعنہ لوٹ کر آتا ہے: نادیہ خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی مارننگ شو کی میزبان و اداکارہ نادیہ خان کا کہنا ہے کہ کسی پر طعنے کسنے سے پہلے خدا کا خوف کرنا چاہیے کیونکہ طعنہ لوٹ کر آتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نادیہ خان نے نجی چینل کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے منفرد و دلچسپ انداز گفتگو میں زندگی کے تجربات بیان کیے۔
دورانِ شو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو طعنہ دینے سے پہلے ہمیشہ سوچنا چاہیے کہ یہ لوٹ کر بھی آ سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے بچپن میں پیش آیا ایک قصہ بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ امی بتاتی ہیں کہ جب ہم چھوٹے تھے تو ہماری ایک آنٹی ہیں وہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ ہائے چار چار بیٹیاں، صرف ایک ہی بیٹا، میرے تو چار بیٹے ہیں بڑا سکون ہے۔
انہوں نے قصہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہائے تارا چار چار لڑکیاں کیا کرو گی، جب بھی گھر آتیں یہ ہی کہتیں چار چار بیٹیاں، ان (آنٹی) کی اپنی کوئی بیٹی نہیں تھی چار بیٹے تھے۔
نادیہ خان نے مذکورہ آنٹی کے موجودہ حالات بتاتے ہوئے کہا کہ آج وہ اتنی بیمار ہیں کہ انہیں دیکھ کر دل سے بس ایک ہی بات نکلتی ہے کہ کاش کوئی بیٹی ہوتی، ان کے لیے اب کوئی ہے ہی نہیں، تمام بیٹے اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے، اب کوئی نہیں جو ان کا احساس کرے، ان سے بات کرے یا ان کے کام کرے۔
اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ آنٹی کو ان کی ماسی(کام کرنے والی) نے کہا کہ ہائے آنٹی جی کاش تمہاری بیٹی ہوتی۔
نادیہ خان نے اپنے قصے کی روشنی میں یہ بھی کہا کہ شاید اللّٰہ تعالیٰ انہیں دکھانا چاہتے تھے کہ تم دوسروں کو بیٹی کا طعنہ دیتی تھیں آج تمہیں بیٹی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، کبھی کسی کو طعنہ نہیں دینا چاہیے کیونکہ یہ طعنے اس وقت واپس آتے ہیں جب آپ کمزور، ضعیف اور مجبور ہوں۔