ہوائی جہاز کے بعد اب چلتی ٹرین میں شادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شادیاں منفرد اور یادگار بنانے کے خواہشمند حسبِ استطاعت راستہ نکال ہی لیتے ہیں، حال ہی میں ایک ارب پتی تاجر کی جانب سے بیٹی کی ہوائی جہاز میں شادی کے لیے350 مہمانوں سمیت بُکنگ کی خبر سامنے آئی تھی۔ اب ایک جوڑے کی چلتی ٹرین میں شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِگردش اس ویڈیو میں جوڑے کو ٹرین میں ورمالا کا تبادلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جب محبت کرنے والے جوڑے نے نئی زندگی کی شروعات کی تو ساتھی مسافر اس منفرد شادی کو دیکھنے کے لیے جمع ہوگئے۔
جذباتی دلہن کو دولہا کو گلے لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، مبارک باد کے تبادلے کے بعد دُولہا نے دُلہن کے گلے میں منگل سوتر پہنایا اور دیگر نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ابھی تک اس واقعے کے بارے میں کسی اور تفصیلات کی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے۔
اس غیر معمولی شادی کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تبصرے کیے گئے ہیں۔ جہاں بہت سے لوگوں نے یہ جاننے کے تجسس کا اظہار کیا کہ اس جوڑے نے ٹرین میں شادی کیوں کی، وہیں دوسروں کے پاس کہنے کے لئے دلچسپ باتیں تھیں۔
کئی صارفین نے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ایک ایکس صارف نے تبصرہ کیا کہ ’کثیر المقاصد ہندوستانی ریلوے‘۔
ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’بجٹ کم ہوگا، ورنہ طیارے میں کرتے ’۔

وائرل ویڈیو پر ایک اور کمنٹ میں لکھا گیا کہ ’شادی نہیں، نوٹنکی ہے‘۔