نواز شریف کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے: بابر اعوان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تحریکِ انصاف کے رہنما و وکیل بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ہم ہر سیٹ سے لڑیں گے اور چیئرمین پی ٹی آئی خود امیدوار ہوں گے، نواز شریف کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے۔
وکیل بابر اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جائیں گے، کل 2 دسمبر کو پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل چیف جسٹس پاکستان سے میں نے کہا کہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ بھی نظر آنی چاہیے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ ایک پارٹی کو نکلنے نہیں دے رہے یہ کیسی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔
بابرا عوان کا سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف سے متعلق کہنا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے، جتنے مرضی ریلیف دیں سمیع اللّٰہ والے کیس میں سپریم کورٹ نے نااہل کیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں صرف سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ہی سزا ختم کر سکتا ہے، 5 ججز کے فیصلے کو ختم کرنے کے لیے 7 ججز کا فیصلہ چاہیے، نوازشریف کے کیس میں ان کے وکلاء نے ری ویو فائل کیا مگر وہ خارج کر دیا گیا۔
بابر اعوان نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کی خود مختاری پرحملہ ہوا ہے، فاٹا کی چھاتی پر ظلم کیا گیا، الیکشن کمیشن سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ فاٹا کی 5 سیٹیں کس اختیار سے ختم کی گئیں؟ آئین میں لکھا ہے کہ قومی اسمبلی کی 342 سیٹیں ہوں گی، انہوں نے 5 اڑا دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیدھی سیدھی صوبائی خودمختاری میں مداخلت ہے، آئین کے مطابق فاٹا کو خصوصی توجہ اور خصوصی رعایت ملنی چاہیے، فاٹا کے عوام نواز شریف کو ووٹ نہیں دیں گے اس لیے ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
بابر اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فاٹا میں میرے آباؤاجداد کی قبریں ہیں میں ان کے ساتھ ہوں، صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہ کی جائے۔