ماہرہ خان کا بالی ووڈ کے بعد ملیالم فلم میں ڈیبیو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم “رئیس” سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان اب ملیالم فلم انڈسٹری میں بھی ڈیبیو کرنے والی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار پرتھوی راج کی فلم ‘لوسیفر’ کے سیکوئل ‘L2: Empuraan’ میں پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرہ خان بلاک بسٹر ملیالم فلم ‘لوسیفر’ کے سیکوئل میں ملیالم سُپر اسٹار موہن لال کے ساتھ اہم کردار میں نظر آئیں گی جبکہ ہدایتکار پرتھوی راج نے فلم ‘L2: Empuraan’ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہدایتکار پرتھوی راج اور اُن کی اہلیہ کی ماہرہ خان اور اُن کے شوہر سلیم کریم کے ساتھ گہری دوستی ہے جس کی وجہ سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ فلم ‘L2: Empuraan’ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ماہرہ خان کا ایک انٹرویو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہیں ملیالم فلم انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے، ماہرہ خان نے ملیالم اداکاروں اور پروڈکشن کی تعریف کی اور انڈسٹری میں کام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنی ڈیبیو بالی ووڈ فلم ‘رئیس’ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم کے بعد سے ماہرہ خان بھارت میں بھی کافی مقبول ہیں اور اُن کے بھارتی مداح اُنہیں دوبارہ بھارتی فلموں میں دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں۔