صنم جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے صنم جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔
عدالت میں صنم جاوید کے خلاف زمان پارک کے باہرجلاؤ گھیراؤ اور تشدد کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔
عدالت نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض صنم جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔
یاد رہے کہ ملزمہ کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
صنم جاوید کے وکیل اور والد جاوید اقبال کی میڈیا سے گفتگو
صنم جاوید کے وکیل شکیل پاشا نے کہا ہے کہ پولیس نے 8 ماہ بعد پیٹرول بم برآمد کرانے کے لیے گرفتاری ڈالی، صنم جاوید زمان پارک صرف انٹرویوز کے لیے گئی تھی، صنم جاوید سوشل ایکٹیوسٹ ہیں وہ صرف لوگوں سے سوالات کرتی ہیں۔
صنم جاوید کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں 4 دسمبر کو ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔
صنم جاوید کے والد کا کہنا تھا کہ یہ ظلم اب بند ہونا چاہیے، میرے نواسے اپنی ماں کو بہت یاد کرتے ہیں، پہلے صنم کی بیٹی بیمار رہی اور اب بیٹے کی طبیعت ناساز ہے۔