ملک پر پہلے کھلاڑی مسلط تھا اب اناڑی منتخب کرنا ہے تو عوام کی مرضی، فیصل کریم کنڈی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پاکستان پر پہلے کھلاڑی مسلط تھا اب اگر اناڑی منتخب کرنا تو عوام کی مرضی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کبھی مفرور شخص بھی الیکشن لڑ سکتا ہے؟ جس پارٹی کی بنیاد دھاندلی پر رکھی جائے وہ کیا آگے بڑھے گی، عوام نے فیصلہ کرنا ہے اقتدار کس کو دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے، لہٰذا عوام 8 فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریں، البتہ ملک پر پہلے کھلاڑی مسلط تھا اب اگر اناڑی منتخب کرنا ہے تو یہ عوام کی مرضی ہے۔
تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا آج ہونے والا الیکشن سلیکشن تھا، اس میں بھرپور دھاندلی ہوئی، جس طرح کا انتخاب ہوا الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنے لوگ نہیں ملے بلکہ پرانا جیالا ملا ہے جب کہ ایک مفرور شخص پارٹی صوبائی صدر بن گیا، البتہ آصف زرداری نے اپنی پگڑی بلاول کو پہنائی، یہ لوگوں کے لیے خاموش پیغام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو شفاف الیکشن ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے اور انتخابی شیڈول کے اعلان پر ہم مہم شروع کریں گے۔