موسمیاتی تبدیلی سے سالانہ نقصان کا تخمینہ 400 ارب ڈالرز ہے: نگراں وزیرِ اعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پزیر ممالک کی ضروریات 100 ارب ڈالرز کی یقین دہانیوں سے کہیں زیادہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سالانہ نقصان کا تخمینہ 4 سو ارب ڈالرز ہے۔
نگراں وزیراعظم نے گلوبل اسٹاک ٹیک اور عمل درآمد سے متعلق گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوپ 28 کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پزیر ممالک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے پانی کی فراہمی، زراعت اور انسانی صحت متاثر ہو رہی ہے، ترقی پزیر ممالک کو موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے فنانس، استعداد کار اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2030ء تک کم از کم 6 ٹریلین ڈالرز ترقی پزیر ممالک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دینا ہوں گے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور استعدادِ کار میں اضافے پر توجہ دینا ہو گی۔