اسد قیصر کو جیل سے رہائی ملنے کے بعد ایک اور مقدمے میں پولیس نے گرفتار کر لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر کو جیل سے رہائی ملنے کے بعد ایک اور مقدمے میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض اسد قیصر کی ضمانت منظور کی تھی۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو چارسدہ پولیس نے سانحہ 9 مئی کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
اور 24 نومبر کو انہیں سیشن کورٹ مردان میں پیش کرنے پر عدالت نے پولیس کی جانب سے ان کے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سینٹرل جیل مردان بھیج دیا تھا۔
جمعہ کو سابق اسپیکر کی درخواست ضمانت وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلے کے لیے آج 2 دسمبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ مردان کے جج محمد زیب خان نے اسد قیصر کی ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر اسد قیصر کسی اور مقدمہ میں ملوث نہ ہو تو انہیں ضمانت پر رہا کر دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق اسد قیصر کی 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں ضمانت ہوئی تھی، ان کو جیل سے رہائی کے بعد ایک اور مقدمے میں پولیس گرفتار کر کے ساتھ لے گئی ہے ۔