ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے قرض کی منظوری دے دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 3منصوبوں کی رواں ہفتے منظوری دی، 65کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں 65 کروڑ 52 لاکھ ڈالر قرض جبکہ 38لاکھ ڈالر کی رقم گرانٹ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ قرض کی رقم اندرونی وسائل سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے خرچ کی جائے گی،امداد ٹیکس وصولی بڑھانے اور 2022 کے سیلاب میں تباہ شدہ ا سکولوں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔سندھ میں اسکولوں کی بحالی کے لیے ساڑھے 27 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق رقم غذائی تحفظ کے منصوبے پر زرعی پیداوار بڑھانے پر خرچ ہوگی،30کروڑ ڈالر قرض اصلاحات اور ٹیکس انتظامی معاملات کیلئے منظور کیے گئے ہیں۔امداد ایشیائی ترقیاتی بینک کے سندھ میں سیلاب سے بحالی کے لیے 1.5 ارب ڈالر پروگرام کا حصہ ہے۔
سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے منصوبے کے لیے 8 لاکھ ڈالر گرانٹ دی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں غذائی تحفظ کے منصوبے کے لیے 8 کروڑ ڈالر امداد دی جائے گی، خواتین کسانوں کو بیچوں کی صفائی اور زرعی کیمیکلز کے محفوظ استعمال کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کا مقصد پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے، اس میں سے 30 کروڑ ڈالر مقامی وسائل بڑھانے کےلئے پالیسی اصلاحات پر خرچ کیے جائیں گے۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد ٹیکس ،انتظامی امور، اخراجات مینجمنٹ اور سرمایہ کاری میں بہتری لانا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیاء یوگینی زوکوف نے کہاکہ فنانسنگ کی یہ اہم نئی لہر پاکستان کو گزشتہ سال کے بحران اور سپر فلڈ کے اثرات سے نکلنے اور طویل مدتی ترقی کی راہ پر واپس لانے میں مدد کرے گی۔