گورنر بلوچستان کا دورہ ملٹری کالج سوئی ڈیرہ بگٹی


سوئی ڈیرہ بگٹی(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ آج ہم جو کچھ ملٹری کالج سوئی ڈیرہ بگٹی میں اسٹوڈنٹس کی قابلیت اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے دیکھ رہے ہیں یہ دراصل ایک خواب کی تعبیر ہے جس کیلئے صرف بارہ برس قبل یہ کالج بنایا گیا تھا آج یہ ہم سب کیلئے ایک حقیقت ہے. یہ بات یقینی ہے کہ انہی کیڈٹس کی شاندار کامیابی ملٹری کالج سوئی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم بہت جلد سوئی ملٹری کالج میں آڈیٹوریم کی تعمیر اور اٹریکشن الاونس کی منظوری کو یقینی بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ملٹری کالج سوئی ڈیرہ بگٹی میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر بریگیڈیئر وسیم قیصر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی، فیکلٹی ممبرز اور کیڈٹس سمیت والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے ملٹری کالج سوئی کے ہونہار کیڈٹس کی کارکردگی اور اعتماد پر فخر و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم والدین کے حوالے سے منعقدہ اس کامیاب تقریب اور ملٹری کالج سوئی کی عمدہ کارکردگی پر بریگیڈیئر وسیم قیصر اور اُن کی پوری ٹیم خراج تحسین کے مستحق ہیں. انہوں نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے مفاد میں بروئے کار لائیں. تربیت کے حوالے سے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کی مدد اور رہنمائی بھی بہت ضروری ہے.

گورنر بلوچستان نے والدین پر زور دیا کہ آپ اپنے بچوں کی مناسب تعلیم و تربیت کے سلسلے میں کالج انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور کیڈٹس کی کردار سازی اور اخلاق سنوارنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں. گورنر نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے صوبے کا نام روشن کریں. گورنر بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے بلوچستان کے نوجوان ہر لحاظ سے ذہین ہیں اور زندگی کے ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں.

گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلا شبہ ملٹری کالج سوئی ہماری قومی یکجہتی کا مظہر ہے. میں اس عظیم تعلیمی ادارے کی تعمیر و ترقی میں آپ کے پُرخلوصِ تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں. آخر میں گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ پروردگار ملٹری کالج سوئی کو عظمتوں کا سنگ میل قرار پائے. قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور منتظمین اور کیڈٹس میں انعامات اور اسناد تقسیم کیے.