اسلام آباد: آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد اور راولپنڈی سے آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد عمر، محمد جاوید اور جبران خان شامل ہیں، ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزمان متاثرہ خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شئیر کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ملزمان قابلِ اعتراض مواد کی آڑ میں رقم کا بھی مطالبہ کرتے رہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے موبائل فون اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔