اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جو حکومت آتی ہے اسے اظہارِ رائے زہر لگتا ہے .
کراچی میں آغا خان یونیورسٹی میں طلبہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں، مجھے چیزوں کے بارے میں جاننے اور سمجھنے پر خوشی ہوتی ہے .
انہوں نے کہا کہ طلبہ سے گفتگو کر کے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، پاکستان میں ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے .
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گلگت میں کسی ماں کو گولیاں لگی ہیں تو یہ افسوس ناک ہے، طاقت کے استعمال کا حق ریاست کو حاصل ہے، مکینزم موجود ہے، گلگت بلتستان جغرافیائی لحاظ سے اہم علاقہ ہے .
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مذہب، زبان اور نسل پرستی کے خلاف ہیں، 1947ء آزادی ایکٹ کے تحت ریاستوں کو پاکستان یا بھارت کے ساتھ الحاق کا حق دیا گیا .
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، ریاستِ مدینہ میں حقوق اور ذمے داریوں کے حوالے سے برابری تھی، جب تک میرٹ نہیں لائیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے .