بالاچ کا ماورائے عدالت قتل، بلوچستان حکومت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا سربراہ تبدیل کردیا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں بالاچ مولا بخش کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کرنے والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ کو تیرہ دن کے بعد تبدیل کردیا ، سیکرٹری فشریز عمران گچکی کے بجائے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی کو انکوائری آف ٹربیونل کاچیئرمین مقرر کردیا . محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان حکومت نے23نومبر کو تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں نوجوان بالاچ کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کیلئے سیکرٹری فشریز عمران گچکی کی سربراہی میں انکوائری آف ٹربیونل کا چیئر مین مقرر کیا تھا ،کمیٹی میں ڈی آئی جی کوئٹہ، ایس ایس پی گوادر، ڈی سی کیچ تھے اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے واقعہ کے رونما ءہونے کی وجوہات کا جائزہ لے کر پندرہ دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنا تھی ،تاہم کمیٹی کی تشکیل کے تیرہ روز بعد بلوچستان حکومت نے انکوائری کمیٹی کے سربراہ سیکرٹری فشریز عمران گچکی کو تبدیل کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی کو انکوائری کمیٹی کا چیرمین مقرر کردیا ہے ،تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں نوجوان بالاچ مولا بخش کی ہلاکت کے واقعہ پر اہلخانہ اور سول سوسائٹی کے افراد کیچ سے کوئٹہ کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں ان کا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں .

. .

متعلقہ خبریں