متنازع تشہیری مہم، اشنا شاہ کی ملبوسات کے برانڈ کے بائیکاٹ کی حمایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فلسطین اور غزہ کے شہداء کے لیے مسلسل آواز بلند کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ اشنا شاہ نے متنازع تشہیری مہم کے باعث ملبوسات کے عالمی برانڈ کے بائیکاٹ کی حمایت کر دی۔
مذکورہ فیشن برانڈ نے موسمِ سرما کی مناسبت سے جیکٹس لانچ کی ہیں، جس کے لیے انہوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کی تکلیف و مصائب کو تشہیری مہیم کے لیے استعمال کیا ہے۔
مذکورہ تشہیری مہم منظرِ عام پر آنے کے بعد تنقیدوں کی زد میں آ گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے فیشن برانڈ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے سوالات کھڑے کر دیے کہ کیا کوئی چیک اور بیلنس نہیں ہے؟
ایسے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اداکارہ اشنا شاہ نے بھی مذکورہ برانڈ کے بائیکاٹ کی حمایت کرتے ہوئے اس تشہیری مہم کے خیال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ تو اب ہم کیا کریں؟ ان کے جو کپڑے ہمارے پاس پہلے سے موجود ہیں کیا ہم انہیں پھینک دیں یا پھر نئے کپڑے نہ خریدنا کافی ہے؟
اشنا شاہ نے لکھا ہے کہ میرے خیال سے چونکہ ان کے کپڑوں پر لوگو موجود نہیں ہے اس لیے جو کپڑے پہلے سے خرید چکے ہیں وہ استعمال کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن ظاہر ہے اب ہم ان کے نئے کپڑے تو نہیں خریدیں گے۔
اس پوسٹ کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا صارفین بھی اداکارہ کی حمایت کرتے دکھائی دیے ہیں۔
یاد رہے کہ فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 2 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
7 اکتوبر سے اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 48 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔