مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنےکو آئینی قرار دینے کے خلاف آزادکشمیر میں احتجاج


مظفرآباد (قدرت روزنامہ)بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنےکو آئینی قرار دینے کے خلاف آزادکشمیر میں بھی احتجاج کیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی سپریم کورٹ کے ظالمانہ اور جانبدار فیصلے کیخلاف پاسبانِ حُریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام شدید احتجاج کیا گیا جس میں کشمیری شہریوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوئی،مظاہرین نے سیاہ جھنڈے لہرائے اور ٹائر جلا کر فیصلے کیخلاف احتجاج کیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے ریاست جموں کشمیر کے متعلق تمام فیصلوں کو کشمیری عوام مسترد کرتے ہیں ،چیف جسٹس آف انڈیا “ڈی وائی چندر چوڑ” نے آج انصاف کا قتل کیا،بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیری عوام کیخلاف ظالمانہ اور جانبدار فیصلہ مسلّط کیا،فیصلہ ریاست جموں کشمیر کی عالمی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا،ریاست جموں کشمیر کے عوام بھارتی جبری حاکمیت کو مسترد کرتے ہیں۔