بابر اعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، افغان کرکٹر نے بڑا انکشاف کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ)افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں جب افغانستان سے شکست سے دوچار ہوا تو بابر اعظم کی آنکھوں میں آنسو دیکھے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے بابر اعظم کو بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے پہلی دفعہ ون ڈے میچ میں پاکستان کو ہرایا تو بابر اعظم بس رونے ہی والے تھے۔ میں نے یادگار کے طور پر ان سے بیٹ مانگا تھا، انہوں نے بیٹ دے تو دیا مگر ان سے شدید مایوسی ظاہر ہو رہی تھی۔
افغان کرکٹر کا کہنا تھا کہ شکست سے دوچار ہونے پر ہر کوئی بابر اعظم کے خلاف تھا مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ جب ان سے بیٹ دینے کی درخواست کی تو ان کے جذبات کا اندازہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہا تھا جس پر بابر اعظم کپتان کے عہدے سے دستبردار ہو گئے تھے۔