دورہ نیوزی لینڈ کیلئے بہترین قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے چیف سلیکٹر متحرک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دورہ نیوزی کیلئے بہترین قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کیلئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض متحرک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے ہائی پرفارمرز پر غور شروع کر دیا ہے، بیٹنگ میں صاحبزادہ فرحان، کامران غلام اور احمد شہزاد کی کارکردگی کا معائنہ کیا گیا۔
سابق کپتان شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی کارکردگی پر بھی نظرثانی کی گئی، ذرائع کے مطابق عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں متبادل آل راؤ نڈر کو شامل کیا جائے گا۔
شاداب خان کی حالیہ کارکردگی پر بھی غورکیا جائے گا، اس کے علاوہ وہاب ریاض سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں کنسلٹنٹس سے آراء بھی لیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 13 دسمبر کو شیڈول ہے، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے،جنوری میں پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول ہے۔