ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس ؛ کیا پولیس سے کیس کا اصل ریکارڈ ملا تھا؟ چیف جسٹس فائز عیسیٰ کا استفسار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ میں ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا پولیس سے کیس کا اصل ریکارڈ ملا تھا؟اٹارنی جنرل نے کہاکہ پولیس سے کیس کا اصل ریکارڈ نہیں ملا،فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ کیس کےریکارڈ کے 3بنڈل آئےتھے۔
قبل ازیں دوران سماعت مخدوم علی خان اور اعتزاز احسن کے معاونین وکلا پیش ہوئے،معاون وکیل نے کہاکہ مخدوم علی خان کومعلوم نہیں تھا کہ وہ اس کیس میں ہیں یا نہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ وہ عدالتی معاون تھے کسی کو مجبور نہیں کر سکتے۔
چیف جسٹس فائزعیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا اعتزاز احسن اس کیس میں آئیں گے؟معاون وکیل نے جواب دیا کہ اعتزاز احسن بطور معاون نہیں آئیں گے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ قاضی اشرف بھی اس کیس میں معاون تھے،فاروق نائیک نےکہاکہ قاضی اشرف تندرست ہیں اور پریکٹس کررہے ہیں۔اٹارنی جنرل نے صدارتی ریفرنس پر گزشتہ سماعتوں کے حکم نامے پڑھے۔