چودھری نثار کی این اے 53 اور پی پی 10کی حلقہ بندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چودھری نثار کے حلقے این اے 53 اور پی پی 10کی حلقہ بندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاگیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ محفوظ کیا،الیکشن کمیشن اور وکیل درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیاگیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق درخواست گزار شیخ ساجد کی جانب سے وکیل کاشف ملک عدالت میں پیش ہوئے،وکیل کاشف ملک نے کہاکہ سیکشن 20کے تحت انتظامی یونٹ کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ حلقہ بندی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئیں،حلقہ بندی کو اب تبدیل نہیں کیا جا سکتا،مجوزہ تجاویز کے مطابق ساتھ والے این اے 52کی آبادی مقررہ حد سے کم ہو جائیگی۔
یاد رہے کہ این اے 53کی حلقہ بندی چودھری نثار کے حلقے سے تعلق رکھنے والے شیخ ساجد نے چیلنج کررکھی ہے، این اے 53اور پی پی 10سے ساگری کو نکال کر گوجر خان میں شامل کردیا گیا تھا۔