اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے 8 فروری کو الیکشن کرانے کا مطالبہ کر دیا .
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہونے چاہئیں، تمام پولیٹیکل پارٹیز کے تحفظات دور ہونے چاہئیں .
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کی بات کرتی رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں ورکرز کنونشن کر رہے ہیں .
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز پشاور میں ویمن ورکر کنونشن سے خطاب کیا، کوئی پارٹی اتنی بڑی ہے تو الیکشن میں تاخیر کی بات کیوں کرتی ہے .
انہوں نے کہا کہ نیب ہمیشہ ہی سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے، یہی نیب نواز شریف کے خلاف کیس بناتی رہی اور آج پھر دھڑا دھڑا بری کر رہی ہے، نیب ماضی میں غلط تھی یا آج غلط ہے عوام کو بتایا جائے، نیب کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے .
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر رہی ہے .
انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمے دار پی ٹی آئی ہوگی، پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے .