سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ان کیمرا ہو گی؟ خصوصی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواست کی سماعت کی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی ان کیمرا درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، عدالت میں طلب کیے گئے گواہان کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے۔ پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 14 کے تحت سماعت ان کیمرا ہونی چاہئے، مخصوص حالات کے سبب خفیہ ٹرائل کا کہا گیا۔ شہادتیں ریکارڈ کرتے وقت رازداری برتی جائے۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس نے اوپن ٹرائل کا حکم دیا۔
عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد ازاں سناتے ہوئے ان کیمرا سماعت کی درخواست منظور کر لی۔ جاری حکم کے تحت ملزمان کے اہل خانہ کو سماعت میں آنے کی اجازت ہو گی۔