ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔
سپریم کورٹ نے عدالتی معاونین کی تقرری کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی درخواست منظورکرلی۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ صدارتی ریفرنس میں خالد جاوید خان، صلاح الدین احمد اور زاہد ابراہیم بطور عدالتی معاون مقررکیے جاتے ہیں ،یاسر قریشی اور ریما عمر کو بھی عدالتی معاون کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے۔عدالتی معاونین کا تقرر آئینی اور قانونی امور میں شرکت کے لیے کیا گیا ہے۔
تحریری حکمنامہ میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر)منظور احمد ملک اور پشاور ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس (ر)اسد اللہ خان چمکنی کو بھی عدالتی معاون مقرر کیا جاتا ہے،دونوں معزز سابق جج صاحبان آئینی و قانونی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، عدالت دونوں سابق جج صاحبان کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے، دونوں سابق جج صاحبان زبانی یا تحریری طور پر عدالت کی معاونت کرسکتے ہیں۔