پی ٹی سی ایل نے خریداری معاہدے کے ذریعے ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد حصص حاصل کرلیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ای اینڈ گروپ کے ذیلی ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے ایک حصص خریداری معاہدے کے ذریعے108 ارب روپے کے عوض کیش فری، ڈیٹ فری بنیادوں پر ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹیلی نار پاکستان) کے 100 فیصد حصص حاصل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
معاہدے سے نہ صرف دونوں اداروں،پی ٹی سی ایل گروپ اور ٹیلی نار پاکستان کی صلاحیتیں اور مہارتیں یکجا ہونگی، بلکہ ملک میں جدت طرازی اور ٹیلی کام کے شعبے کو تقویت بھی ملے گی، جس سے صارفین کی ایک بڑی تعداد تک معیاری خدمات پہنچانے اور ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کی رفتار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ اہم سنگ میل پی ٹی سی ایل کی کاروباری ترقی اور مارکیٹ کو وسعت دینے کا موجب ہو گا اور ٹیلی کام کے شعبے کے ایک کلیدی کردار کے طور پر پی ٹی سی ایل گروپ کی پوزیشن کو مستحکم کرے گا۔ دونوں اداروں کی مشترکہ قوت ملکی ٹیلی کام صنعت میں انقلاب برپا کرے گی۔
اس موقع پر صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل و پی ٹی ایم ایل، حاتم بامطرف نے کہا، ’’ہمیں یقین ہے کہ پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار پاکستان کے مابین اسٹریٹجک ہم آہنگی ہمارے صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہت فائدہ مند ہوگی، کیونکہ اس معاہدے سے حقیقی فائدہ ہمارے صارفین کو ہی ہوگا۔ پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار دونوں کے پاس مضبوط اور باصلاحیت ٹیمیں موجود ہیں جو دونوں کمپنیوں کی بہترین خوبیوں کو اپناتے ہوئے معیاری خدمات کی فراہمی اور مل جل کر کام کرنے کے کلچر کو فروغ دیں گی۔ مشترکہ ادارہ تمام شعبوں میں بہترین خدمات فراہم کرے گا، اور اس کے پاس بہترین کوریج، بلاتعطل ڈیٹا کی سہولت ، بڑے پیمانے پر رسائی اور صارفین کے لیے مصنوعات اور خدمات کی ایک وسیع رینج دستیاب ہوگی۔‘‘
ای اینڈ کے گروپ سی ای او، حاتم دویدار نے کہا، ’’ٹیلی نار پاکستان کا حصول مارکیٹ کے استحکام کے لیے ایک بہترین موقع ہے، جو ہمیں پاکستان میں مستقبل کے جدید نیٹ ورک کے قیام میں مدد دے گا۔اس معاہدے سے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کو ترقی دینے کے ہمارے عزم کو تقویت ملی ہے جس سے ہم اپنے صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کو اضافی فوائد پہنچا سکیں گے۔ ہم ایک ایسا تاریخی ٹیلی کام نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں، جہاں مربوط جدت طرازی اور کنیکٹیوٹی کے ذریعے صارفین اور تمام لوگوں کی بہتر خدمت اور مستقبل میں ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کی رفتار بڑھانے کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔‘‘
چیئرمین پی ٹی سی ایل بورڈ، حسن ناصر جامی نے کہا، ’’پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان کے عوام کو رابطے کی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ اس معاہدے سے ایک خوشحال اور ڈیجیٹل طور پر مربوط قوم کی تعمیر اور پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی علمبردار کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے ہمارے عزم کو تقویت ملی ہے۔ علاوہ ازیں، اس معاہدے سے ہمیں اپنے صارفین کو موثر اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘
اس معاہدے کی تکمیل ریگولیٹری منظوریوں اور دیگر شرائط کی تکمیل سے مشروط ہے۔ پی ٹی سی ایل، ادارے کے ملازمین، صارفین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے کم سے کم تعطل کو یقینی بنانے کے لیے فعال کوششیں کر رہا ہے۔