پی ٹی آئی پر وکلاء کے چھوٹے سے گروہ نے قبضہ کر رکھا ہے،اکبر ایس بابر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر وکلا ءکے چھوٹے سے گروہ نے قبضہ کر رکھا ہے،ہم نے تحریک انصاف کو ایک رول ماڈل بنانا تھا ،اس کو اے ٹی ایم کے حوالے کردیاگیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کے وکلاء کو دلائل دینے کا موقع دیا گیا ،بہت سارے ایسے قانونی نکات رکھے گئے جو تضادات کا مجموعہ ہیں ،پی ٹی آئی نے آئین سے انحراف کیا ہے ،ان کے الیکشن متنازعہ ہیں ،میں پارٹی کا بانی رکن ہوں ۔آج ایسے افراد پارٹی کا حصہ ہیں جن کو آئے ہوئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں ،آج وہ بھی ہمیں پارٹی کا رکن ماننے سے انکار کر رہے ہیں ،ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔
اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ ہم پارٹی میں شفاف انٹرا پارٹی انتخابات چاہتے ہیں، آج جمہوریت کیوں کمزور ہے ؟قومی الیکشن کی طرح انٹرا پارٹی الیکشن بھی ہمارا بنیادی حق ہے۔