اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں آج بہت بڑی ڈیولپمنٹ ہوئی ہے.ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے بعد سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے حکم دیا، حکومت پاکستان کی جانب سے امریکا کے خلاف احتجاج کیا جائے، عدالت نے کہا پاکستان کی ایک شہری کو امریکا میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے .
سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ عدالت نے وزارتِ خارجہ کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے، دو دہائیوں کی حکومتیں عافیہ صدیقی پر ظلم کی ذمے دار ہیں .
ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کو ایسی جیل منتقل کیا جائے جہاں ان کو انسانوں کی طرح رکھا جائے . عافیہ صدیقی پر نفسیاتی، جسمانی اور جنسی تشدد کیا جارہا ہے .
سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ گزشتہ ملاقات میں عافیہ صدیقی نے اپنے امریکی وکیل سے کہا کہ مجھے یہاں پر مت چھوڑو، عدالت نے کہا قیدیوں کے تبادلے کے بین الاقوامی قوانین مدِنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں .
سینیٹر مشتاق نے بتایا کہ عدالت نے کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کی ہے، عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں . ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم سے فون پر بات ہوئی، نگراں وزیراعظم نے امریکا میں عافیہ صدیقی سے متعلق کوئی بات نہ کی، عافیہ صدیقی بے گناہ ہیں اور پاکستان کی بیٹی ہیں، ان کے ساتھ انصاف کیا جائے .