سنی دیول نے اپنے بھائی بوبی کی فلم “انیمل” پسند نہ آنے کی وجہ بتادی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اسٹار سنی دیول نے اپنے بھائی بوبی دیول کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی سُپر ہٹ فلم “انیمل” پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کچھ چیزوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ رنبیر کپور اور بوبی دیول کی یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم “انیمل” کی باکس آفس پر حکمرانی برقرار ہے، یہ 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں سے ایک کے طور پر ابھرنے میں کامیاب رہی ہے۔
اس فلم کو جہاں لاکھوں مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے تو وہیں اداکار سنی دیول نے بھی فلم “انیمل” پر تجزیہ پیش کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ “میں نے بھی انیمل دیکھی ہے اور مجھے یہ فلم کافی پسند بھی آئی ہے لیکن فلم میں کچھ سین ایسے دکھائے گئے ہیں جو مجھے پسند نہیں آئے”۔
سنی دیول نے کہا کہ “یہ وہ سین ہیں جنہیں میں کسی بھی فلم میں دیکھنا پسند نہیں کرتا، حتیٰ کہ میں اپنی فلموں میں بھی وہ چیزیں دِکھانا پسند نہیں کروں گا”۔ اداکار نے کہا کہ “ہر انسان کو پسندیدگی یا نا پسندیدگی کے اظہار کا حق حاصل ہے اور میں نے بھی اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے فلم کے بارے میں اپنا تجزیہ پیش کیا ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “اس کے علاوہ فلم کی موسیقی بہترین ہے، کہانی اور اداکاری کے ساتھ یہ فلم مجموعی طور پر بہترین ثابت ہوئی ہے”۔ سنی دیول نے اپنے بھائی کے حوالے سے کہا کہ “بوبی کے لیے بہت زیادہ خوش ہوں، پہلے دنیا اُنہیں بوبی دیول کے نام سے جانتی تھی لیکن اب وہ لارڈ بوبی بن گئے ہیں”۔
واضح رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “انیمل” اب تک پوری دنیا سے 700 کروڑ سے زائد کا بزنس سمیٹ چکی ہے۔
فلم ’انیمل‘ میں رنبیر کپور، انیل کپور، بوبی دیول اور رشمیکا مندانا سمیت دیگر اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا۔ ’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول نے ولن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ رشمیکا مندانا نے فلم میں خاتون اداکارہ کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔