بھارت میں دھماکے کے بعد خوفناک آتشزدگی میں 9 افراد ہلاک؛ متعدد زخمی


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک فیکٹری میں زور دار دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس میں بری طرح جھلس کر 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں واقع ایک سولر ایکسلوسیو کمپنی میں ہوا۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ آس پاس کی عمارتیں لرز اُٹھیں۔ فیکٹری میں کھڑی دو گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
دھماکے کے بعد فیکٹری کے ایک حصے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ فیکٹری کے اُس حصے میں دو درجن سے زائد مزدور موجود تھے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
امدادی کاموں کے دوران 6 مزدورں کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ 10 سے زائد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 3 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ مزید 2 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ناگپور پولیس کے سپرنٹنڈنٹ ہرش پودار نے بتایا کہ دھماکا فیکٹری کے کاسٹ بوسٹر پلانٹ میں پیکنگ کے وقت ہوا۔ دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔