پرتھ ٹیسٹ؛ پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 360 رنز کی بڑی شکست
پرتھ (قدرت روزنامہ)پرتھ ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کو میزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں 360 رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا، 450 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
چوتھا روز
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو دو رنز پر پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 17 رنز پر گری، کپتان شان مسعود دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد، 19 رنز پر تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق تھے جو 10 رنز ہی بنا سکے۔
بابراعظم اور سعود شکیل نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 29 رنز بنائے لیکن 48 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر مچل اسٹارک کا شکار ہوئے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 84 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو اسٹیون اسمتھ 87 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کھو بیٹھے اور اس کے بعد 107 رنز پر ٹریوس ہیڈ کی وکٹ گر گئی۔ فہیم اشرف آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جو نیتھن لائن کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
آسٹریلیوی اسپنر نیتھن لائن نے ٹیسٹ کیریئر کی 500 وکٹیں بھی مکمل کر لیں، وہ 500 وکٹیں حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے تیسرے اور ٹیسٹ کی تاریخ کے آٹھویں بولر ہیں۔عامر جمال 4 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ سعود شکیل 24 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
چار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد عثمان خواجہ اور مچل مارش نے جارحانہ بیٹنگ کرکے اسکور 233 رنز تک پہنچایا لیکن یہاں عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی۔آسٹریلیا نے 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی بیٹنگ ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو 450 رنز کا ہدف دیا۔
تیسرا روز
آسٹریلیا نے اپنی تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ 34 اور اسٹیون اسمتھ 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفرپرگرگئی۔ خرم شہزاد کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ5 رنز پرگرگئی۔ لبوشین بھی 18گیندوں پر2رنز بنا کرخرم شہزاد کی گیندپرکیچ آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں دن کے آغاز پر آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 271رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 216 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان نے 132 رنز اور 2 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تاہم 139 رنز کے اضافے کے بعد قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے 42، کپتان شان مسعود 30، خرم شہزاد 7، بابر اعظم 21، سعود شکیل 28، سرفراز احمد 3، فہیم اشرف 9 اور عامر جمال 10 رنز بنا سکے۔ آغا سلمان 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے.
شاہین آفریدی کو آخری وکٹ پرچھکا لگانے کی کوشش مہنگی پڑی اور وہ چاررنز بنا کرٹریوس ہیڈ کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 3، مچل اسٹارک 2، پیٹ کمنز 2، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش 1، 1 وکٹ لے سکے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نےپہلی اننگز میں وارنرکے 164رنز کی مددسے487 رنز بنائےتھے۔
دوسرا روز
آسٹریلیا نے 346 رنز اور 5 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا آغاز کیا تاہم 141 کا اضافہ کرکے آسٹریلوی بیٹرز پویلین لوٹ گئے، کینگروز کی چھٹی وکٹ ایلکس کیری کی صورت میں گری جو 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نتھین لائن 5 رنز بناکر پویلی لوٹ گئے۔ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے ڈیبیو میچ میں 6، خرم شہزاد نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں اوپنرز نے محتاط آغاز فراہم کرتے ہوئے کینگروز کیخلاف 74 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم شفیق 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود 30 رنز بناسکے۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 355 رنز درکار تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نتھین لائن اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
پہلے روز آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے تاہم خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کی اننگز کھیل کر عامر جمال کا شکار بنے۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔