نفرت ختم کرنے کیلیے ماہرہ خان کا معافی مانگنا ضروری ہے، خلیل الرحمن قمر


لاہور(قدرت روزنامہ)رائٹر خلیل الرحمن قمر کا کہنا ہے کہ نفرت ختم کرنے کے لیے اداکارہ ماہرہ خان کا معافی مانگنا ضروری ہے۔ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں خلیل الرحمن قمر کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان سے ناراض نہیں تاہم انہوں نے جو کیا اس سے نفرت ہے۔ ناراضی ختم ہوجاتی ہے نفرت نہیں۔ نفرت ختم کرنے کے لیے ماہرہ خان کا معافی مانگنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ عائزہ خان کے بعد اگر کسی کا احترام کیا تو وہ ماہرہ خان تھیں۔ اگر کوئی مسئلہ تھا تو ماہرہ فون کرکے مجھ سے وضاحت مانگ سکتی تھیں تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
خلیل الرحمن قمر نے اداکارہ مہوش حیات سے بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم ّ پنجاب نہیں جاوں گی میں مہوش کو کاسٹ کروانے کے لیے بہت کوششیں کی تھیں اور انہوں نے میری ہی فلم کاف کنگنا میں کام کرنے سے منع کردیا۔ اگرکوئی رائٹر کی عزت نہیں کرے گا تو میں بھی اس کی عزت نہیں کروں گا۔