چین میں زلزلہ، وزیر اعظم و سیاسی شخصیات کا اظہارِ افسوس


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سمیت دیگر سیاستدانوں نے چین میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر اظہار افسوس کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ چین کے صوبہ گانسو میں آنے والے زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضَیاع کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔


انہوں نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں چینی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چینی حکومت و عوام سے زلزلے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے نقصان پر چین کی حکومت اور عوام سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ناک لمحوں میں پاکستانی عوام اپنےعظیم دوست چین کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری نے چین میں شدید زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کے ان لمحات میں پاکستان کے عوام چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔دوسری جانب سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے اس سانحہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے چینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے لکھا کہ شمال مغربی چین کے گانسو اور چنگھائی صوبوں میں زلزلے کی وجہ سے 100 سے زائد افراد جاں بحق ہونے کا سن کر دلی افسوس ہوا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان متاثرہ لوگوں اور چین کی حکومت کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ہماری دعائیں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ماضی میں زلزلوں کی تباہی کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہم اس مشکل وقت میں متاثرین کا دکھ اور درپیش چیلنجز کو سمجھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین کے دو شمال مغربی صوبوں میں تباہ کن زلزلے سے کم سے کم 111 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق رات گئے آئے زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ گانسو اور چنگھائی صوبوں میں آیا۔ زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر اور اس کا مرکز گانسو کے صوبائی دارالحکومت شہر لانژو سے 102 کلومیٹر جنوبی مغرب میں تھا۔