ہم نے چور دروازے سے نہیں آنا، عوام فیصلہ کریگی وزیراعظم کون ہوگا: یوسف رضا گیلانی
ملتان(قدرت روزنامہ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جدوجہد کا نام ہے، آصف زرداری نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت تمام اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے، آئین پاکستان کو ہم نے اصل صورت میں بحال کیا، پیپلزپارٹی کسان، اقلیتی برادری کے لئے مشعل راہ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی الیکشن کے لئے تیار ہے، مجھے امید ہے عوام 8 فروری کو پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیں گے، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ملک واصف راں کو پیپلزپارٹی میں دوبارہ شمولیت پرخوش آمدید کہتا ہوں، الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کون وزیراعظم ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے چور دروازے سے نہیں آنا، سرفراز بگٹی سمیت بہت سارے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، امید کرتا ہوں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کمپین کا آغاز 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش سے ہوگا۔